غزہ:جنوبی غزہ کی پٹی کے شہر خان یونس میں ایک رہائشی عمارت پر اسرائیلی حملے میں کم از کم 22 فلسطینی ہلاک ہو گئے۔ براڈکاسٹر 3 نے اتوار کو یہ جانکاری دی۔ غزہ کی وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں کی وجہ سے غزہ میں اب تک 22700 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 24 نومبر کو قطر نے اسرائیل اور حماس کے درمیان عارضی جنگ بندی اور کچھ قیدیوں اور یرغمالیوں کے تبادلے کے ساتھ ساتھ غزہ کی پٹی میں انسانی امداد کی ترسیل کے معاہدے کی ثالثی کی۔ جنگ بندی میں کئی بار توسیع کی گئی اوریہ یکم دسمبر کو ختم ہوگئی۔
- حزب اللہ کے پانچ عسکریت ہلاک
بیروت: لبنان کی جنوبی سرحد پر ہفتے کے روز اسرائیلی فوج کے ساتھ مسلح تصادم میں حزب اللہ کے پانچ جنگجو مارے گئے۔ لبنانی فوجی ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ جھڑپوں میں پانچ شہری زخمی بھی ہوئے جن میں الرسالہ ایسوسی ایشن فار ہیلتھ کیئر کے دو پیرامیڈکس اور ایک بے گھر شامی خاتون شامل ہیں۔ انہوں نے ژنہوا کو بتایا کہ یہ ہلاکتیں بنیادی طور پر سرحدی علاقے میں لبنان کے درجنوں قصبوں اور گاؤوں پر اسرائیلی فورسز کی طرف سے 19 فضائی حملوں اور بھاری توپ خانے کی گولہ باری کی وجہ سے ہوئیں۔
- حماس رہنما کے قتل کے جواب میں میزائل حملے
سرحد سے 40 کلومیٹر دور واقع گاؤں کوثریہ السیاد اسرائیلی فضائی حملوں میں نشانہ بننے والوں میں سے ایک تھا۔ لگ بھگ تین ماہ قبل سرحدی جھڑپوں کے آغاز کے بعد سے لبنان کے اندر ایسے حملے شاذ و نادر ہی ہوئے ہیں۔ اس دوران حزب اللہ نے ہفتے کے روز کہا کہ اس کے جنگجوؤں نے شمالی اسرائیل میں واحد فضائی نگرانی اڈہ سمجھے جانے والے میرون کے علاقے میں ایک ایئر ٹریفک کنٹرول کی سہولت پر 62 میزائل داغے۔ لبنانی عسکریت پسند گروپ نے واضح کیا کہ اس کا حملہ بیروت کے جنوبی مضافات میں منگل کی شام حماس کے نائب سربراہ صالح العروری اور حماس کے دیگر عہدیداروں کے مبینہ اسرائیلی قتل کا ’’ابتدائی ردعمل‘‘ ہے۔