دمشق: شام کے شمالی شہر حلب ائیرپورٹ پر اسرائیل کے فضائی حملے کے نتیجے میں مالی نقصانات کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل کی جانب سے حلب کے بین الاقوامی ایئرپورٹ کو میزائل سے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں حکومتی تنصیبات کو مالی نقصان پہنچا۔ شام کی خبر رساں ایجنسی کے مطابق حملے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی جبکہ حملوں کے بعد علاقہ دھماکوں کی آواز سے گونج اٹھا۔Israel Strikes Aleppo Airport
انسانی حقوق کی نگراں تنظیم نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بیان میں کہا کہ اسرائیل کی جانب سے 4 میزائل حملوں میں شام میں ہتھیاروں کے ڈپو اور ایئرپورٹ کو نشانہ بنایا، ذرائع کے مطابق اس اسلحہ خانے میں ایران کی جانب سے فراہم کردہ میزائل رکھے ہوئے تھے۔ شام میں اندرونی ذرائع پر انحصار کرنے والی تنظیم کو اسرائیلی حملے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی البتہ میزائل حملوں کے بعد آگ لگنے کی اطلاعات آئیں، شام کی خبر رساں ایجنسی کے مطابق طیارہ شکن دفاعی نظام نے دارلحکومت دمشق پر کئی میزائلوں کو ناکام بنایا جہاں سرکاری ٹی وی کے مطابق یہ میزائل اسرائیل کی جانب سے فائر کیے گئے تھے۔