اسلام آباد:اسلام آباد ہائیکورٹ نے سائفر کیس میں پاکستان کے سابق وزیراعظم و چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ضمانت کی درخواست کو مسترد کر دیا ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے یہ فیصلہ سنایا۔ عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی اخراج مقدمہ کی درخواست بھی مسترد کر دی۔ سائفر کیس کی سماعت کررہی آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت نے پہلے عمران خان کی درخواست ضمانت مسترد کی تھی جس کے خلاف پاکستان کے سابق وزیراعظم نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی سائفر کیس کا ٹرائل روکنےکی درخواست کو بھی مسترد کردیا تھا۔ یہی نہیں اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی پر فرد جرم عائد کرنےکے خلاف درخواست ہدایات کے ساتھ نمٹاتے ہوئےکہا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو شفاف ٹرائل کا حق دیا جائے۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے محفوظ فیصلہ سنایا ہے۔ خیال رہے کہ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد 16 اکتوبر کو فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔