تہران:ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ اگر اسرائیل نے ان کے ملک کی سلامتی کے خلاف کوئی قدم اٹھایا تو حائیفہ اور تل ابیب کی تباہی کا سبب بنے گا۔ رئیسی نے تہران میں منعقدہ ایک فوجی پریڈ کی تقریب کے دوران اپنے خطاب میں کہا کہ انقلاب مخالف عناصر اور دشمنانہ سازشوں کے خلاف ہماری فوج پوری طرح تیار ہے۔
ایرانی صدر نے کہا کہ امریکہ سمیت دیگر بیرونی طاقتیں مشرق وسطی میں عدم استحکام کی فضا برقرار رکھے ہوئے ہیں،ان طاقتوں کو یہ علاقہ چھوڑنا ہوگاجبکہ ایرانی فوج خطے میں سلامتی کی پاسبان ہے۔ اپنے خطاب میں ایرانی صدر نے اسرائیل کی طرف سے ممکنہ حملوں کے جواب میں کہا کہ صیہونی سامراج نے اگر ہمارے خلاف کوئی جارحانہ اقدام اٹھایا تو ایرانی فوج حائیفہ اور تل ابیب کو تباہ و برباد کردے گی۔ اس سے قبل ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے مسجدالاقصی میں اسرائیل کی تازہ جاریحت کے بعد مسلم امہ سے متحد ہونے کی اپیل کی تھی۔ ابراہیم رئیسی نے گزشتہ روز الجزائر کے صدر عبدالمجید کے ساتھ فون پر بات کی اور کہا کہ ایران اور الجزائر کے درمیان علاقائی اور بین الاقوامی امور بالخصوص مسئلہ فلسطین اور تحفظ کے حوالے سے قریبی تعلقات ہیں۔ ہم فلسطینیوں کے حقوق کے بارے میں ایک مشترکہ موقف رکھتے ہیں۔