تہران: ایران خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق ایران خفیہ ایجنسی کے سربراہ اسماعیل خطیب نے کہا ہے کہ ملک میں جاری احتجاجی مظاہروں میں اموات کا سبب بننے والے واقعات کو غیر ملکی طاقتیں اُچھال رہی ہیں اور ملک میں احتجاجی مظاہروں کو امریکہ، اسرائیل اور سعودی عرب کی مالی معاونت کا حامل میڈیا ہوا دے رہا ہے۔Iran warns Saudi Arabia
ترکی میڈیا کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ ایران کے نقطہ نگاہ کے مطابق علاقائی ممالک میں کسی قسم کا عدم استحکام متعدی ہوتا ہے۔ ایران میں عدم استحکام دیگر علاقائی ممالک میں بھی پھیل سکتا ہے۔ انہوں نے خارجی کرداروں کو علاقے میں عدم استحکام کا ماخذ قرار دیا اور کہا ہے کہ ایران نے آج تک نہایت مستحکم عقلیت پسندی کے ساتھ اسڑیٹجک صبر و تحمل اختیار کئے رکھا ہے لیکن مخاصمت جاری رہنے کی صورت میں اس صبر و تحمل کی ضمانت نہیں دے سکتا۔
ایران خفیہ ایجنسی کے سربراہ اسماعیل خطیب نے کہا ہے کہ اگر ایران نے جواب دینے کا فیصلہ کر لیا تو یہ ممالک استحکام کی شکل دیکھنے کو ترس جائیں گے۔ واضح رہے کہ ایران کے دارالحکومت تہران میں 13 ستمبر کو اخلاق پولیس کے نام سے پہچانے جانے والے گشت ارشاد کی طرف سے حراست میں لی گئی 22 سالہ خاتون مہسا امینی 16 ستمبر کو وفات پا گئی۔ اس زیرِ حراست موت کے بعد ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے شروع ہو گئے تھے۔