تہران:ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے تہران کے فوجی پروگرام کے بارے میں امریکی وزیر خارجہ کے ریمارکس کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد امریکی ہتھیاروں کی مارکیٹنگ کرنا ہے۔ ژنہوا نیوز ایجنسی نے ایرانی وزارت خارجہ کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والے ایک بیان کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے اتوار کو امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کے ایک حالیہ ٹویٹ کا جواب دیا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ ایران کی فوجی خریداری کی سرگرمیوں میں خلل ڈالنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔
کنعانی نے کہا کہ ایران کے فوجی پروگرام کے بارے میں امریکی وزیر خارجہ کے اشتعال انگیز تبصروں کا واحد مقصد ایرانو فوبیا پھیلانا اور علاقائی ممالک کے درمیان امریکی ہتھیاروں کی فروخت جاری رکھنے کے لیے اختلافات کو ہوا دینا ہے۔ انہوں نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ ایران کا فوجی پروگرام دفاعی اور حفاظتی نوعیت کا ہے اور اس کا رخ کسی ملک کے خلاف نہیں ہے۔ کنعانی نے گزشتہ دہائیوں میں امریکہ کے غیر دانشمندانہ اور غلط اقدامات کو خطے میں عدم تحفظ، عدم استحکام اور جنگ کا ذریعہ قرار دیا۔