تہران:ایران نے منگل کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں 2016 کی کشیدگی کم ہونے اور خلیجی ریاستوں اور ایران کے درمیان تعلقات کی بحالی کے بعد اپنا پہلا سفیر مقرر کیا ہے۔ ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق، ایران کے نئے تعینات کردہ سفیر رضا امیری وزارت خارجہ میں ایرانی غیر ملکیوں کے دفتر کے ڈائریکٹر جنرل کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ امیری اس سے قبل الجزائر، سوڈان اور اریٹیریا میں بھی ایران کے سفیر رہ چکے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ گزشتہ برس اگست میں، متحدہ عرب امارات نے ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہتر کیا اور تہران میں اپنے سفیر کی بحالی کا اعلان بھی کیا، جس سے ان کے پہلے سے کشیدہ تعلقات میں ایک اہم تبدیلی رونما ہوئی۔
واضح رہے کہ یو اے ای نے جنوری 2016 میں سعودی عرب کے ایران کے ساتھ تعلقات منقطع کرنے کے بعد ایران کے ساتھ تعلقات کو کو کم کر دیا تھا، یہ اس وقت ہوا جب ریاض کی جانب سے ایک ممتاز شیعہ عالم کو پھانسی دیے جانے کے بعد ایرانی مظاہرین نے تہران میں سعودی سفارت خانے پر دھاوا بول دیا۔ جس کے بعد ایران اور سعودی عرب کے درمیان دشمنی نے پہلے خلیج میں استحکام اور سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا تھا اور مشرق وسطیٰ میں یمن سے شام تک تنازعات کو ہوا دی تھی۔ تاہم، گزشتہ ماہ ایک اہم پیش رفت میں ریاض نے اعلان کیا کہ وہ چین کی ثالثی میں ہونے والے معاہدے میں تہران کے ساتھ تعلقات کو دوبارہ قائم کرے گا، جس سے دونوں ممالک کے درمیان برسوں کی دشمنی اب نئے دوستی میں تبدیل ہوتی ہوئی نظر آرہی ہے۔