پاکستان میں سیلاب کی تباہ کن صورتحال کے پیش نظر، وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کی درخواست پر بین الاقوامی تنظیموں اور مالیاتی اداروں نے ملک میں سیلاب زدگان کے لیے 500 ملین امریکی ڈالر سے زائد امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پاکستانی میڈیا کے مطابق عالمی بینک کے کنٹری کوآرڈینیٹر نے وزیراعظم کو سیلاب سے متعلق امدادی کارروائیوں کے لیے 350 ملین امریکی ڈالر کی امداد کے بارے میں آگاہ کیا اور 50 ملین یورو کی امداد ہفتے کے آخر تک منتقل کر دی جائے گی۔ جبکہ ورلڈ فوڈ پروگرام نے امدادی کارروائیوں کے لیے 110 ملین امریکی ڈالر کی فراہمی کا اعلان کیا ہے۔flood Relief Aid to Pakistan
ایشین ڈیولپمینٹ بینک (ADB) نے 20 ملین امریکی ڈالر کی امداد کا اعلان کیا ہے جبکہ یو کے ایڈ 1.7 ملین امریکی ڈالر عطیہ کرے گی۔ یوکے ایڈ نے ملک میں مختصر اور طویل مدتی منصوبوں کے لیے اضافی 38 ملین پاؤنڈز کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ایک ہنگامی اجلاس کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا از سر نو جائزہ لیا گیا اور عطیہ دہندگان کو بحران کی شدت سے آگاہ کیا گیا۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق ہنگامی میٹنگ کے دوران، پاک وزیراعظم نے بین الاقوامی اداروں اور دنیا کی دیگر اقوام پر زور دیا کہ وہ سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی مدد کریں کیونکہ حکومت کو سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے اضافی فنڈز کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریکارڈ بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے ملک کو ہنگامی صورتحال کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور خواتین اور بچوں سمیت بڑی تعداد میں لوگ جان کی بازی ہار گئے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مکانات، انفراسٹرکچر، فصلیں اور باغات تباہ ہو گئے، سڑکیں اور پل بہہ گئے اور زمینی راستے منقطع ہو گئے جس سے بچاؤ اور امدادی سرگرمیاں کرنا مشکل ہوگیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
Floods in Pakistan پاکستان نے سیلاب کو قومی ایمرجنسی قرار دے دیا