جکارتہ: انڈونیشیا کے صوبے جاوا میں پولیس اسٹیشن کے قریب خودکش بم حملے سے ایک پولیس افسر ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی 'اے ایف پی' کے مطابق آج صبح انڈونیشیا کے صوبے جاوا کے علاقے بندنگ میں ایک پولیس اسٹیشن میں خودکش بم حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں ایک پولیس افسر ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے۔ رپورٹ کے مطابق پولیس نے خودکش حملے کے پیچھے مقصد کا تعین نہیں کیا مگر مسلمانوں کی سب سے بڑی آبادی والے ملک انڈونیشیا کو طویل عرصے سے دہشت گردی کا سامنا رہا ہے۔Indonesia Police Station Blast
جاوا پولیس کے سربراہ سنتنا نے کہا کہ صبح کے وقت جب افسران دفتری حاضری لگا رہے تھے تو ایک شخص نے زبردستی دفتر میں داخل ہونے کی کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ حملہ آور نے چاقو کے زور پر پولیس افسران کے قریب آنے پر زور دیا اور اچانک بم دھماکہ ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ بعد ازاں ایک اور ڈیوائس بھی برآمد کی گئی جس کو پولیس بم اسکواڈ نے ناکارہ بنا دیا۔
پولیس سربراہ نے کہا کہ زخمیوں میں ایک شہری بھی شامل ہے جو علاقے سے گزر رہا تھا اور دھماکے کی وجہ سے شیشے اور ملبے کی زد میں آگیا، تاہم ہلاک ہونے والے حملہ آور کی شناخت تاحال نہ ہوسکی۔
حکام نے کہا کہ حملہ آور موٹر بائیک پر سوار ہوکر پولیس اسٹیشن پہنچا تھا جس کی گاڑی پر ایک سفید کاغذ پر پیغامات بھی لکھے ہوئے تھے۔پولیس نے کہا کہ ان پیغامات میں لکھا گیا تھا کہ انڈونیشیا کے ضابطہ فوجداری 'کافروں' کی پیداوار ہے اور لوگوں پر زور دیا گیا کہ قانون نافذ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں۔پولیس اسٹیشن کے قریب ایک گواہ نے بتایا کہ انہوں نے دھماکے کی زوردار آواز سنی۔