ادے پور: نیپال کے سابق نائب وزیر اعظم بملیندر ندھی نے کہا کہ ہند-نیپال تعلقات کے ثقافتی اور تاریخی رشتے لوگوں نے بنائے ہیں جنہیں کبھی نہیں توڑا جا سکتا۔ ویملیندر ندھی منگل کو ادے پور میں بھوپال نوبلس یونیورسٹی کے کمبھا آڈیٹوریم میں بھارت-نیپال کے ثقافتی اور تاریخی تعلقات پر سمینار سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور نیپال میں کئی پہلوؤں سے مماثلت ہے اور نیپال کی ترقی بھی ہندوستان کی ترقی سے جڑی ہوئی ہے۔ جہاں ہندوستان جمہوریت پر یقین رکھتا ہے، جہاں ایک جمہوری طرز حکمرانی کا نظام ہے، نیپال میں بھی سیاسی نقطہ نظر سے یہی نظام ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی آزادی کی تحریک میں نیپال کے قائدین اور عوام کا انمول حصہ رہا ہے جسے کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا، جب کہ ہندوستان نے بھی نیپال کی جمہوریت کی مضبوطی کے لیے اپنا بھرپور تعاون دیا ہے۔ موٹے طور پر دیکھا جائے تو ہندوستان اور نیپال کا سیاسی فلسفہ ایک جیسا ہے۔ ہندوستان کے ثقافتی، مذہبی اور سماجی عقائد مساوات لئے ہوئے ہیں۔ اپنے خطاب میں انہوں نے نیپال اور میواڑ کے تعلقات پر بھی روشنی ڈالی ، اس سلسلے میں انہوں نے تھارو برادری کا ذکر کیا ، جو راجستھان کے تھار سے وہاں گئے تھے۔