نیویارک: امریکی ریاست نیویارک کے علاقے میں ایک طیارے حادثے میں بھارتی نژاد خاتون ہلاک جبکہ اس کی بیٹی اور پائلٹ شدید طور سے زخمی ہوگئے۔ مرنے والی خاتون کی شناخت 63 سالہ روما گپتا اور اس کی بیٹی 33 سالہ ریوا گپتا کے نام سے ہوئی ہے۔ نیوز رپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ سفولک کاؤنٹی پولیس نے پائلٹ کی شناخت 23 سالہ فیض الچودھری کے طور پر کی ہے جو اسٹونی بروک یونیورسٹی اسپتال میں زیر علاج ہے۔
پولیس نے بتایا کہ چھوٹے طیارے نے مشرقی فارمنگڈیل کے ریپبلک ہوائی اڈے سے دوپہر 2:18 بجے اڑان بھری جس میں دو خواتین سمیت تین افراد سوار تھے۔ پولیس کے مطابق، یہ سیاحوں کی پرواز تھی۔ ذرائع کے مطابق پائلٹ نے ریپبلک ایئرپورٹ کے ایئر ٹریفک کنٹرولرز کو کیبن میں دھوئیں کی اطلاع بھی دی تھی۔ پولیس نے مزید کہا کہ ہوائی جہاز نے ہنگامی لینڈنگ کرنے کے لیے ہوائی اڈے کی طرف رخ بھی کرلیا تھا لیکن لینڈنگ سے پہلے دوپہر 3 بجے کے قریب گر کر تباہ ہو گیا۔