خرطوم: سوڈان میں بھارتی سفارت خانے نے اتوار کو بتایا کہ ہفتہ کے روز فوجی تصادم کے درمیان ایک بھارتی کی بھی موت ہوگئی ہے۔ اس شخص کی شناخت البرٹ آگسٹین کے نام سے ہوئی ہے اور وہ وہاں ڈل گروپ کی ایک کمپنی میں ملازم تھا۔ سفارت خانہ فی الحال اہل خانہ سے رابطے میں ہے۔ سوڈان میں بھارتی سفارت خانہ نے اتوار کو ٹویٹ کیا کہ البرٹ آگسٹین جو ایک بھارتی شہری تھا اور وہ سوڈان میں ایک ڈل گروپ کمپنی میں کام کر رہا تھا، کو گذشتہ روز ایک آوارہ گولی لگنے سے زخمی ہوگیا اور وہ آج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ سفارت خانہ ان کے خاندان اور طبی حکام سے رابطے میں ہے،
اس سے پہلے ہفتے کے روز، تنازعات سے متاثرہ سوڈان میں بھارتیوں کو انتہائی احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا تھا۔ قابل ذکر ہے کہ افریقی ملک سوڈان میں نیم فوجی دستوں اور باقاعدہ فوج کے درمیان حالیہ جھڑپوں کے درمیان دارالحکومت میں دھماکے اور گولیاں چلی تھیں۔ خرطوم میں بھارتی سفارت خانے کی طرف سے ایک ٹویٹ میں کہا گیا تھا کہ فائرنگ اور جھڑپوں کے پیش نظر، تمام بھارتیوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ انتہائی احتیاط برتیں، گھر کے اندر رہیں اور فوری طور پر باہر نکلنا بند کریں۔ برائے مہربانی پرسکون رہیں اور اپ ڈیٹس کا انتظار کریں۔