لندن:کینیڈا کے بعد اب برطانیہ میں بھی خالصتان حامی ، بھارتی سفارتکاروں کو پریشان کررہے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کچھ خالصتان کے حامیوں نے جمعہ کے روز برطانیہ میں بھارت کے ہائی کمشنر وکرم دوری سوامی کو اسکاٹ لینڈ کے ایک گرودوارہ میں داخل ہونے سے روک دیا۔ یہ خبر ایک خالصتان حامی کے حوالے سے ایک میڈیا رپورٹ میں سامنے آئی ہے۔
خالصتانی حامی نے کہا کہ اسے معلوم ہوا کہ دورائی سوامی البرٹ ڈرائیو پر گلاسگو گرودوارہ کی گرودوارہ کمیٹی کے ساتھ میٹنگ کرنے والے ہیں۔ اس کے بعد انہوں نے ایک منصوبہ بنایا اور وہاں پہنچ گئے۔ اس نے دوری سوامی کو بتایا کہ انھیں گرودوارہ میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہے۔ جس کے بعد وہ وہاں سے چلے گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق خالصتان کے حامیوں اور بھارتی ہائی کمشنر وکرم دوری سوامی کے درمیان بحث بھی ہوئی ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واضح نہیں ہے کہ گرودوارہ کمیٹی کے لوگ اس واقعہ سے متفق ہیں یا نہیں۔ تاہم میڈیا میں شائع ہونے والے خالصتان کے حامیوں کے بیانات کے مطابق ان کا کہنا ہے کہ وہ ہردیپ سنگھ نجار کے قتل سے ناراض ہیں۔ اس کے ساتھ وہ بھارت اور برطانیہ حکومت کے درمیان مستحکم ہوتے تعلقات کو بھی پسند نہیں کررہے ہیں۔