اقوام متحدہ: اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف پاکستان کی قرارداد منظور کرلی گئی۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کی قرارداد میں قرآن پاک کی بے حرمتی سمیت مذہبی منافرت کی مذمت کی گئی۔ قرارداد میں قرآن پاک کی بے حرمتی میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانے پر زور دیا گیا اس کے علاوہ ریاستوں پر مذہبی منافرت کی روک تھام کے لیے قوانین اپنانے پر بھی زور دیا گیا۔
اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں پاکستان کی جانب سے قرارداد کی حمایت میں بھارت سمیت 28 ممالک نے ووٹ دیا جب کہ قرارداد کی 12 ارکان نے مخالفت کی۔ پاکستان کی جانب سے قرارداد پر7 ارکان نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ امریکا اور یورپی یونین نے پاکستان کی جانب سے قرارداد کی مخالفت کی اور کہا کہ یہ انسانی حقوق اور آزادی اظہار کے بارے میں ان ممالک کے نظریات سے متصادم ہے۔