واشنگٹن: دنیا بھر کے ممالک کے پاسپورٹ کی رینکنگ جاری کر دی گئی ہے جس کے مطابق پاکستان کا گرین پاسپورٹ چوتھا کمزور ترین پاسپورٹ ہے۔ جب کہ بھارتی پاسپورٹ کا 80 واں نمبر ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق دنیا بھر کے ممالک کے پاسپورٹس کی رینکنگ جاری کرنے والے ادارے ہینلے پاسپورٹ انڈیکس نے نئی فہرست جاری کر دی ہے۔ 103 ممالک پر مشتمل فہرست میں پاکستان کا 100 واں نمبر ہے اس طرح گرین پاسپورٹ دنیا کا چوتھا کمزور ترین پاسپورٹ قرار پایا ہے۔
پاکستان سے کم ترین درجے پر شام، عراق اور افغانستان ہیں جو بالترتیب 101، 102 اور 103 ویں نمبر پر ہیں۔ ہینلے پاسپورٹ انڈیکس 2023 میں سنگاپور نے دنیا کے سب سے طاقتور پاسپورٹ کے حامل ملک ہونے کا اعزاز جاپان سے چھین لیا۔ پانچ بار اوّل نمبر پر براجمان ہونے والا جاپان اس بار نیچے کھسک کر تیسرے نمبر پر آگیا۔ سنگاپور پاسپورٹ کو پہلی پوزیشن رواں برس 192 سفری مقامات تک ویزہ فری رسائی رکھنے کی وجہ سے دی گئی ہے جب کہ 190 ممالک یا مقامات تک ویزہ کے بغیر جانے کی سہولت رکھنے والے یورپی ممالک جرمنی، اٹلی اور اسپین اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں جب کہ جاپان، آسٹریا، فن لینڈ، فرانس، لکسمبرگ، جنوبی کوریا اور سوئیڈن تیسرے نمبر پر ہیں۔