مالے: مالدیپ کی حکومت کو وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف توہین آمیز ریمارکس کے معاملے میں اپنے ہی لیڈروں کی مخالفت کا سامنا ہے۔ اس معاملے میں مالدیپ کی سابق وزیر دفاع ماریہ احمد دیدی کا بیان بھی سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف تضحیک آمیز تبصرے مالدیپ حکومت کی 'چھوٹی سوچ ' کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مالدیپ کا قابل اعتماد اتحادی رہا ہے۔ سابق وزیر دفاع ماریہ احمد دیدی نے کہا کہ، بھارت نے ہمیں اکثر دفاع سمیت مختلف شعبوں میں مدد فراہم کی ہے۔ ہم ایک طویل عرصے سے دوست ہیں۔ ایسے بیانات ہمارے تعلقات کو کمزور کرنے کی کوشش نظر آتے ہیں۔
مالدیپ کی سابق وزیر دفاع ماریہ احمد دیدی نے مزید کہا کہ، مالدیپ کے لیے بھارت نہ صرف ایک ساتھی کے طور پر آگے آیا ہے بلکہ ہنگامی حالات میں مددگار کے طور پر بھی آگے آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ہمارے لیے '911 کال' کی طرح ہے (مصیبت کے وقت مدد کے لیے اس نمبر کو ڈائل کیا جاتا ہے)۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ ہماری حفاظت کی ہے۔