نئی دہلی: بھارت نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں کاج ایجوکیشنل سینٹر پر دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی ہے جس کے نتیجے میں 20 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باغچی نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ "ہم کابل کے دشت برچی میں کاج ایجوکیشنل سینٹر پر کل کے دہشت گردانہ حملے سے غمزدہ ہیں اور متاثرین کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔ ہندوستانی تعلیمی مقامات پر معصوم طلباء کو مسلسل نشانہ بنانے کی شدید مذمت کرتا ہے"۔
بھارت کے علاوہ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوٹریس نے کابل کے تعلیمی مرکز پر ہونے والے حملے پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت بھی کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ایک بنیادی حق ہے اور پائیدار امن اور ترقی کے لیے ایک ضروری محرک بھی ہے۔
دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل (یو این ایس سی) نے اس بات کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی اپنی تمام شکلوں میں بین الاقوامی امن اور سلامتی کے لیے سب سے سنگین خطرات میں سے ایک ہے۔ سلامتی کونسل کے ارکان نے دہشت گردی کی ان قابل مذمت کارروائیوں کے مرتکب افراد، منتظمین، مالی معاونت کرنے والوں اور اسپانسرز کو جوابدہ ٹھہرانے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانے کی ضرورت پر زور دیا۔