کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے الجزیرہ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی پاک فوج کے ساتھ مسائل گزشتہ سال اپریل میں شروع ہوئے، جب فوج نے اعلان کیا کہ وہ سیاست میں نہیں آئیں گے اور نہ کسی کا ساتھ دیں گے۔ انھوں نے کہا کہ عمران خان کا پاکستان میں فوج کے ساتھ مسئلہ یہ نہیں ہے کہ وہ سیاست میں شامل ہیں، ان کا فوج کے ساتھ مسئلہ یہ ہے کہ وہ ان کی حمایت کے لیے شامل نہیں ہو رہے۔
بلاول نے کہا کہ ملکی سیاست میں فوج کے کردار سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ ہماری آدھی سے زیادہ تاریخ فوجی حکمرانی سے ڈھکی ہوئی ہے۔ میری جماعت پیپلز پارٹی نے پاکستان کی تاریخ میں ایک ایک آمریت کو چیلنج کیا ہے۔ بلاول نے کہا کہ عمران خان نے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کی آخری آمریت سمیت پاکستان میں ہر آمریت کی حمایت کی ہے۔ خان صاحب کی سیاسی تاریخ یہ ہے کہ انہوں نے پاکستان کی تاریخ میں ہر آمر کا ساتھ دیا اور ہر آمر کی حمایت کی۔