اسلام آباد: آرمی چیف عاصم منیر سمیت نو تعینات فوجی رہنماؤں کے نام ایک پیغام میں پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان نے بدھ کے روز امید ظاہر کی کہ وہ قوم اور ریاست کے درمیان موجودہ اعتماد کے فقدان کو ختم کرنے کے لیے کام کریں گے۔ خان نے نو منتخب فوجی قیادت کے لیے اپنے مبارکبادی ٹویٹ میں کہا کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور چیف آف آرمی اسٹاف کے منصب سنبھالنے پر جنرل ساحر شمشاد مرزا اور جنرل سیّد عاصم منیر کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ امید ہے کہ نئی عسکری قیادت ملت و ریاست کے مابین گزشتہ 8ماہ میں جنم لینے والے اعتماد کے فقدان کے خاتمے کی سبیل کرے گی۔ قوتِ ریاست عوام ہی سے حاصل کی جاتی ہے۔Imran Khan to New Military Leaders
قابل ذکر ہے کہ اپنی ٹویٹر پوسٹ میں عمران خان نے پاکستان کے بانی محمد علی جناح کا حوالہ دیتے ہوئے کہا، یہ مت بھولیں کہ مسلح افواج عوام کی خادم ہیں اور آپ قومی پالیسی نہیں بناتے، پالیسیاں ہم عام شہری بناتے ہیں اور یہ آپ کا فرض ہے کہ آپ ان کاموں کو ہی انجام دیں جو آپ کے سپرد کیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: Pakistan New Army Chief نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے فوج کی کمان سنبھال لی
واضح رہے کہ گزشتہ روز جنرل سید عاصم منیر نے پاک فوج کے 17 ویں سپہ سالار کی حیثیت سے کمان سنبھالی تھی، سبکدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کی کمان ان کے سپرد کی تھی جب کہ گزشتہ ہفتے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا کی ملٹری سروس سے ریٹائرمنٹ کے بعد جنرل ساحر شمشاد مرزا نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے عہدے کا چارج سنبھال لیا تھا۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے ٹوئٹ پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کی یادداشت 2018 تک نہیں جاتی جب انہوں نے چند افسران کے ساتھ مل کر نواز شریف کے خلاف سازش کی تھی۔ ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کی یادداشت 2018 تک نہیں جاتی جب انہوں نے چند افسران کے ساتھ مل کر نواز شریف کے خلاف سازش کی، عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا، ان افسران کو متنازع بنایا اور ان کےمستقبل تباہ کیے؟ ان کا کہنا تھا کہ قائد اعظم کا یہ فرمان اس وقت یاد نہیں آیا؟ آپ کی سیاست، آپ کے ہاتھ، آنکھیں اور کانوں کی رخصتی کے ساتھ دفن ہو گئی۔