اسلام آباد: پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان نے ملک کی عوام کو عید الاضحی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ عید ان کے لیے سب سے زیادہ تکلیف دہ عید ہے کیونکہ پی ٹی آئی کے تقریبا 10 ہزار کارکنان اور حامیوں کو جیلوں میں ڈالا گیا ہے اور ان کے ساتھ پرامن احتجاج کرنے کا آئینی حق استعمال کرنے پر مجرموں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے۔ عمران خان نے جمعرات کو ایک ٹویٹ میں کہا کہ میری طرف سے پاکستانیوں کو عید مبارک، یہ میرے لیے سب سے تکلیف دہ عید ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے تقریباً 10,000 کارکنوں اور حامیوں کو جیلوں میں ڈالا گیا ہے اور ان کے ساتھ پرامن احتجاج کرنے کا آئینی حق استعمال کرنے پر مجرموں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے بہادر رہنما جن میں خواتین رہنما، ڈاکٹر یاسمین راشد اور عالیہ حمزہ جیل میں ہیں اور پی ٹی آئی چھوڑنے سے انکار کر رہے ہیں، ہمارے 16 کارکنوں کو گولی مار کر ہلاک کیا گیا، 50 دیگر گولیوں سے زخمی ہوئے ہیں اور آٹھ دیگر مشتبہ مارے گئے ہیں لیکن تصدیق نہیں ہو سکتی کیونکہ لواحقین پولیس کے خوف سے روپوش ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز کی جانب سے غیر مسلح مظاہرین پر ضرورت سے زیادہ طاقت کے استعمال کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا ہے اور یہ معلوم کرنے کے لیے کوئی آزادانہ تحقیقات نہیں ہوئی ہیں کہ 9 مئی کو واقعی کیا ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی سے وابستہ کسی بھی فرد پر دہشت گردی کا راج ہے جس کا صرف ایک مقصد انتخابات سے قبل اسے ختم کرنا ہے۔