ماسکو:روسی امور کے ماہر اور ولسن سنٹر میں گلوبل فیلو جل ڈوگرٹی نے اس رائے کا اظہار کیا ہے کہ ویگنر کے سربراہ ایوگینی پریگوزن بیلاروس جاکر بھی خطرے سے باہر نہیں ہیں کیونکہ روسی صدر ولادیمیر پوتن کسی غدار کو کبھی معاف نہیں کریں گے۔ العربیہ کی رپورٹ کے مطابق انھوں نے کہا کہ ’’اگر پوتن کہتے ہیں کہ 'پریگوزن، آپ بیلاروس چلے جائیں' تب بھی وہ غدار ہیں اور میرے خیال میں روسی صدر انھیں کبھی معاف نہیں کریں گے‘‘۔ انھوں نے مزید کہا کہ یہ ممکن ہے پریگوزن "بیلاروس میں مارے جائیں لیکن ماسکو کے لیے یہ ایک مشکل مخمصہ ہوگا کیونکہ جب تک انھیں کسی قسم کی حمایت حاصل ہے، وہ خطرہ ہیں، قطع نظر اس کے کہ وہ کہاں ہوتے ہیں؟‘‘
ڈوگرٹی کا کہنا تھا کہ ’'اگر میں پوتن ہوتا تو مجھے روستوف کی سڑکوں پر موجود ان لوگوں کی فکر ہوتی جو واگنر کے لوگوں کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔سڑکوں پر عام روسی ان لوگوں کی حوصلہ افزائی کیوں کر رہے ہیں جنھوں نے صرف بغاوت کرنے کی کوشش کی؟ اس کا مطلب یہ ہے کہ شاید وہ ان کی حمایت کرتے ہیں یا وہ انھیں پسند کرتے ہیں. جو بھی ہو، یہ پوتن کے لیے بہت بری خبر ہے‘‘۔ ہفتے کی روز کی ناکام بغاوت ایک حیرت انگیز موڑ میں ختم ہوگئی اور پریگوزن کے بھاری ہتھیاروں سے لیس کرائے کے فوجی جنوبی شہر روستوف سے پیچھے ہٹ گئے ، جس سے ماسکو کی طرف ان کی تیز رفتار پیش قدمی کاراستہ بند ہوگیا۔معاہدے کے تحت کرائے کے فوجیوں کو قانونی تحفظ کی ضمانت دی گئی تھی اور وہ اپنے اڈوں پر واپس چلے گئے۔اس سے ملک پر پوتن کے کنٹرول کے بارے میں سوالات پیدا ہوئے ہیں۔