یروشلم:امریکی صدر جو بائیڈن نے حماس کا موازنہ داعش سے کیا تھا۔ جس کے جواب میں حماس نے انسانی بنیادوں پر امریکہ کے یرغمال بنائے گئے دو خواتین کو رہا کیا ہے۔ یرغمالی امریکی خواتین 59 سالہ جوڈتھ رانان اور ان کی بیٹی نٹالی رانان کی رہائی میں قطر کا اہم رول بتایا جارہا ہے۔ حماس کے ترجمان کے مطابق دونوں امریکی خواتین کو قطری حکومت کے ساتھ ایک معاہدے کے تحت انسانی بنیادوں پر رہا کیا گیا ہے۔ حماس کی جانب سے رہا کی گئی دونوں امریکی خواتین ماں اور بیٹی ہیں۔ انھیں غزہ سرحد پر اسرائیلی نمائندہ کے سپرد کیا گیا، جہاں سے انہیں اسرائیل کے فوجی اڈے لایا گیا۔ وہاں پر ان خواتین کا خاندان پہلے سے پہنچ چکا تھا اور انتظار میں تھا۔ اسرائیل تک یرغمالیوں کو پہنچانے میں ریڈ کراس نے ایک اہم کردار ادا کیا ہے۔
امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے حماس کے ذریعہ رہا کی گئی دو امریکی یرغمالیوں کی رہائی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن کا کہنا ہے کہ 2 سو افراد میں سے یہ پہلی رہائی ہے۔ بلنکن نے اس رہائی میں اہم کردار ادا کرنے والے قطر کا شکریہ ادا کیا۔ امریکی وزیرخارجہ نے کہا کہ اب بھی 10 امریکی لاپتہ ہیں جن میں سے بعض یرغمال ہیں۔ انھوں نے تمام یرغمال افراد کو فوری، بغیر شرائط کے رہا کئے جانے کا حماس سے مطالبہ کیا۔ قطر نے یرغمالیوں کی رہائی میں اپنے کردار کی تصدیق کردی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ مزید یرغمالی رہا کیے جائیں گے۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے رہا کی گئی خواتین سے بات کی ہے۔ وائٹ ہاؤس نے ایک بیان میں حماس کے ذریعہ رہا کی گئی امریکی خواتین سے صدر جو بائیڈن کے ذریعہ فون پر بات کرنے کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں امریکی حکومت کی مکمل حمایت حاصل رہے گی کیونکہ وہ اس خوفناک آزمائش سے نکلی ہیں۔