غزہ: شمالی غزہ پٹی میں جبالیہ پناہ گزین کیمپ میں کئی مکانات کو نشانہ بناتے ہوئے اسرائیلی بمباری میں 31 فلسطینی افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ یہ اطلاع فلسطینی سیکورٹی اور طبی ذرائع نے پیر کو دی۔ غزہ کے حماس کے زیر انتظام شہری دفاع نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی طیاروں نے جبالیہ پناہ گزین کیمپ میں رہائشی علاقے کو نشانہ بنایا جس سے 12 مکانات تباہ اور 31 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بم دھماکے میں کم از کم دس دیگر زخمی ہوئے۔ غزہ میں سرکاری میڈیا آفس نے پہلے دن میں اعلان کیا تھا کہ اسرائیلی حملوں میں فلسطینی افراد کے جاں بحق ہونے کی تعداد 11,240 ہو گئی ہے اور 28,000 سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔
- غزہ کے الشفا اسپتال میں آکسیجن مشین بند ہونے سے 34 مریض جاں بحق
فلسطینی وزارت صحت نے کہا کہ غزہ کے الشفاء ہسپتال میں ایندھن پر روک لگانے کی وجہ سے آکسیجن مشینوں کے بند ہونے کے باعث کم از کم 34 مریض جاں بحق ہو گئے ہیں۔ مقامی نیوز ایجنسی کے مطابق فلسطینی وزارت صحت نے پیر کو دیر گئے ایک بیان میں کہا کہ جاں بحق ہونے والوں میں سات نوزائیدہ بچے بھی شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسپتال سے اسرائیلی فوج کے محاصرے اور مسلسل حملوں کی وجہ سے مریضوں اور زخمی افراد کو نکالنا مشکل تھا۔
وزارت کے مطابق الشفاء ہسپتال میں اس وقت آئی سی یو کے مختلف یونٹز میں 60 سے زیادہ مریض، نو زائیدہ وارڈ میں 40 سے زیادہ شیر خوار بچے اور تقریباً 500 مریض گردے کے ڈائیلاسز کے شعبے میں زیر علاج ہیں۔ واضح رہے کہ اسرائیلی فوج نے بارہا الزام لگایا ہے کہ فلسطینی مسلح گروپ الشفاء کے اندر اور اس کے نیچے ایک ملٹری کمپاؤنڈ چلاتے ہیں۔ تاہم ہسپتال انتظامیہ اور وزارت صحت نے ان الزامات کو سختی سے مسترد کردیا ہے اور آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
- غزہ میں حماس کی پارلیمنٹ عمارت پر قبضہ
اسرائیلی ڈیفنس فورسز نے فلسطینی اتھارٹی کو بے دخل کرنے کے بعد غزہ کی پٹی پر حکمرانی کرنے والی حماس کی پارلیمنٹ کی عمارت پر قبضہ کر لیا ہے۔ آئی ڈی ایف نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی فوج کے ایلیٹ گولانی بریگیڈ نے پیر کے روز حماس کی پارلیمنٹ کی عمارت پر قبضہ کر لیا۔ آئی ڈی ایف کے فوجی اہلکاروں کو غزہ میں پارلیمنٹ کی عمارت میں اسرائیلی پرچم لہراتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔ واضح رہے کہ 27 اکتوبر کو زمینی حملے کے بعد سے آئی ڈی ایف غزہ کی پٹی میں مسلسل پیش رفت کر رہا ہے۔
- حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان جھڑپیں