حیدرآباد: ماہ ذی الحجہ کی 8 سے 12 تاریخ کو مکہ مکرمہ میں کچھ مخصوص ارکان ادا کیے جاتے ہیں۔ ان ارکان کی ادائیگی کو اسلامی اصطلاح میں حج کہاجاتا ہے۔ حج اسلام کے پانچ بنیادی ارکان میں سے ایک ہے اور ہر صاحب استطاعت بالغ مسلمان پر زندگی میں ایک مرتبہ فرض ہے۔ واضح رہے کہ مناسک حج کا آغاز ہو گیا ہے۔ عالمی وبا کورونا وائرس کی پابندیوں کے 2 برس بعد اس بار 10 لاکھ عازمین سفر حج کے لیے مکہ مکرمہ میں جمع ہوئے ہیں۔
حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ آج یعنی جمعہ کو ہے۔ حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ جمعے کے روز ہونے کو حج اکبر بھی کہا جاتا ہے۔ حالانکہ اس پر علما کی رائے میں اختلاف بھی ہے۔ بہر حال عازمین حج منیٰ میں پورا دن قیام اور عبادت کے بعد، بعد نماز فجر منیٰ سے حج کے رکن اعظم کی ادائیگی کے لیے میدان عرفہ کے لیے روانہ ہوئے۔ یہاں ظہر اور عصر كى نمازيں ایک ساتھ ادا کریں گے جسے جمع بین الصلاتین کہتے ہیں۔ اس دن عرفات کے میدان میں ٹھہرنے کو وقوف عرفات کہا جاتا ہے اور اصل حج کا دن یہی ہوتا ہے، یعنی اگر کوئی شخص وقوف عرفہ کے علاوہ تمام مناسک ادا کر لے تب بھی اس کا حج ادا نہیں ہوگا۔