ایتھنز:یونان میں ہیلینک کوسٹ گارڈ نے نو افراد کو حراست میں لیا ہے جو مبینہ طور پر غیر قانونی تارکین وطن کی اسمگلنگ میں ملوث پائے گئے ہیں اور پیلوپونیس کے قریب ایک بحری جہاز کے حادثے میں سینکڑوں لوگوں کی موت کے ذمہ دار ہیں۔ یونانی کوسٹ گارڈ کا کہنا ہے کہ ملک کے ساحل پر ڈوبنے والے پناہ گزینوں کے جہاز سے بچ جانے والے نو افراد کو اسمگلنگ کے اس گروہ سے تعلق کے شبے میں گرفتار کر لیا گیا ہے جس نے اس سفر کا انتظام کیا تھا۔
کوسٹ گارڈ کے مطابق نو مصری باشندوں پر مبینہ طور پر انسانی اسمگلروں اور غیر قانونی غلامی کی تجارت کے نیٹ ورک میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ زیر حراست افراد کو مجرمانہ تنظیم بنانے اور غیر قانونی امیگریشن کے الزامات کا سامنا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ یونان کے پیلوپونیس میں تارکین وطن کو لے جانے والا ایک بحری جہاز ڈوبنے سے کم از کم 78 افراد ہلاک ہو گئے تھے جب کہ 104 افراد کو بچا لیا گیا تھا۔