نیویارک:امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے کا کہنا ہے کہ غزہ پر قبضہ اسرائیل کے لئے ایک بڑی غلطی ہو گی۔ سی بی ایس کے ایک پروگرام 60 منٹس کو دیے گئے انٹرویو میں امریکی صدر نے کہا کہ حماس اور دیگر شدت پسند عناصر فلسطینی لوگوں کی نمائندگی نہیں کرتے ہیں۔ بائیڈن نے کہا کہ میرے خیال میں غزہ پر قبضہ کرنا اسرائیل کی غلطی ہو گی۔ انٹرویو میں بائیڈن نے زور دے کر کہا کہ شدت پسندوں کا تعاقب کرنا اور انھیں حتمی انجام تک پہنچانا ضروری ہے۔ انھوں نے کہا کہ انھیں اعتماد ہے کہ اسرائیل جنگی قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے اپنے دفاع کے حق کا استعمال کرے گا۔
اقوام متحدہ کی محاصرہ ختم کرنے کی اپیل:
اقوام متحدہ کے یو این آر ڈبلیو اے کے سربراہ فلپ لیزرینی کا کہنا ہے کہ غزہ میں زندگی کا تصور ختم ہوتا جا رہا ہے۔ مشرقی یروشلم میں انھوں نے اپنے ایک خطاب میں کہا کہ غزہ کا گلہ گھونٹا جا رہا ہے اور اس وقت بظاہر ایسا لگتاہے کہ دنیا سے انسانیت ختم ہو چکی ہے۔ فلپ لیزرینی نے کہا کہ پانی زندگی کے لئے اہم ضرورت ہے اور اس وقت غزہ سے پانی ختم ہورہا ہے یہی وجہ ہے کہ غزہ سے زندگی کا خاتمہ ہو رہا ہے۔ کمشنر جنرل نے مزید کہا کہ انھیں ایسا محسوس ہورہا ہے کہ غزہ سے خوراک اور ادویات بھی جلد ختم ہو جائیں گی۔ انھوں نے غزہ کے محاصرے کو اجتماعی سزا قرار دیا ہے۔ یو این آر ڈبلیو اے کے سربراہ کے مطابق ’اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے، محاصرہ ہر صورت میں ختم کیا جانا چاہیئے اور امدادی اداروں کو ایندھن، پانی، خوراک اور دوائی جیسی امداد پہنچانے کی اجازت دی جانی چاہیئے۔
یہ بھی پڑھیں:فلسطینیوں کو غزہ سے بے گھر کرنے کے اسرائیلی منصوبے کو ناکام بنا دیں گے: اسماعیل ھانیہ