اسلام آباد: پاکستان کے شمال مغربی صوبہ خیبر پختونخواہ میں بارش کے سبب پیش آنے والے الگ الگ واقعات میں کم از کم چار لوگوں کی موت ہوگئی اور 17 دیگر زخمی ہوگئے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) نے ہفتہ کے روز یہ اطلاع دی۔ پی ڈی ایم اے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ افراد گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران صوبے کے مختلف علاقوں میں بارش کے باعث چھتیں گرنے کے واقعات میں فوت ہوئے ہیں۔ مہلوکین میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صوبے کے ضلع مردان میں شدید بارش کے باعث ایک مکان کی چھت گرنے سے دو افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ پشاور شہر اور جنوبی وزیرستان میں ایک فرد کی ہلاکت کی اطلاع ملی۔ صوبے میں شدید بارش سے کم از کم چھ مکانات کو جزوی یا مکمل نقصان پہنچا۔
پی ڈی ایم اے نے کہا کہ تمام متاثرہ اضلاع کی مقامی انتظامیہ کو راحت رسانی کے کاموں میں تیزی لانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ ایک ہفتہ قبل پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں موسلا دھار بارشوں کے بعد سیلاب میں گاڑی بہہ جانے کے بعد ایک ہی خاندان کے آٹھ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ مقامی پولیس نے واقعے کی تصدیق کی تھی۔ پولیس کا کہنا تھا ہے کہ حادثہ صوبہ بلوچستان کے ضلع اواران میں اس وقت پیش آیا جب ڈرائیور نے پہاڑی علاقے میں سیلاب زدہ سڑک سے گاڑی کو نکالنے کی کوشش کی لیکن ناکام رہا اور گاڑی گہری کھائی میں بہہ گئی۔ پولیس حکام نے بتایا کہ حادثے میں دو بزرگ اور چھ بچے ہلاک ہوئے۔