اسلام آباد: سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے ژوب میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے کارکنان کی افغانستان سے دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 3 افراد کو ہلاک کر دیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 4 جوان بھی جاں بحق ہوگئے۔ ڈان نیوز کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ واقعہ 28 ستمبر کی شام پونے 6 بجے ضلع ژوب کے علاقہ سمبازہ میں پیش آیا۔ انہوں نے بتایا کہ پاک افغان سرحد کے قریب دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپ میں بہادری سے لڑتے ہوئے 4 جوان جاں بحق ہو گئے۔
بیان میں کہا گیا کہ جاں بحق ہونے والے جوانوں میں حوالدار ستار، لانس نائیک شیر اعظم، لانس نائیک عدنان اور سپاہی ندیم شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فائرنگ کے شدید تبادلے میں 3 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا ہے جبکہ متعدد زخمی بھی ہوئے ہیں۔اس سے قبل 26 ستمبر کو خیبرپختونخوا میں ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا تھا جس کے نتیجے میں دہشت گرد کمانڈر کفایت عرف تور عدنان سمیت 3 دہشت گرد مارے گئے تھے۔
آئی ایس پی آر نے بیان میں کہا تھا کہ ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا اور اس دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا۔ بیان میں بتایا گیا تھا کہ فورسز کی فائرنگ کے نتیجے میں دہشت گرد کمانڈر کفایت عرف تور عدنان سمیت 3 دہشت گرد مارے گئے، ہلاک ہونے والے دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں سرگرم تھے اور ساتھ ہی معصوم شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھے۔