کوئنز لینڈ: آسٹریلیا کا ایک فوجی ہیلی کاپٹر جمعہ کی رات دیر گئے ہیملٹن جزیرے کے قریب کوئنز لینڈ کے سمندر میں گر کر تباہ ہو گیا۔ یہ واقعہ امریکہ کے ساتھ ایک بڑی مشترکہ فوجی مشق کے دوران پیش آیا۔ آسٹریلیا کے قومی نشریاتی ادارے آسٹریلین براڈکاسٹنگ کارپوریشن نے واقعے کی تصدیق کی ہے۔
آسٹریلیا کے وزیر دفاع رچرڈ مارلس نے مزید جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ ایم آر ایچ 90 ہیلی کاپٹر، جسے تائپن بھی کہا جاتا ہے، دو-ہیلی کاپٹر تربیتی آپریشن میں حصہ لینے کے دوران تقریباً 10:30 بجے (مقامی وقت کے مطابق) عملے کے چار ارکان کے ساتھ گر کر تباہ ہوگیا۔ مارلس نے کہا کہ ایک دوسرے ہیلی کاپٹر نے فوری طور پر تلاش اور بچاؤ آپریشن شروع کیا، جو اب بھی جاری ہے۔
مارلس نے میڈیا کو بتایا کہ یہ خبر سناتے ہوئے ان کا دل بھاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ فضائیہ کے چاروں اہلکاروں کے اہل خانہ کو اس واقعہ کے بارے میں مطلع کر دیا گیا ہے۔ ہم دکھ اور امید کی اس گھڑی میں فضائیہ کے ان اہلکاروں اور اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ تلاش اور بچاؤ ٹیموں کی کوششوں سے ہماری امیدیں بہت زیادہ ہیں کیونکہ وہ اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری فضائیہ ہمارے لیے اہم ہے۔ ہمیں سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم سے مثبت خبریں ملنے کی بہت امید ہے۔
آسٹریلیا کی دفاعی فورس کے سربراہ اینگس کیمبل نے حادثے کو "ایک خوفناک لمحہ" قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ہماری توجہ اپنے لوگوں کو تلاش کرنے اور ان کے اہل خانہ اور اپنی ٹیم کے باقی ارکان کی دیکھ بھال پر مرکوز ہے۔ انہوں نے کہا، "میں مختلف سویلین ایجنسیوں، کوئنز لینڈ پولیس، آسٹریلوی میری ٹائم سیفٹی ایجنسی اور عوام کے ساتھ ساتھ ہمارے امریکی شراکت داروں کی طرف سے فراہم کی جانے والی مدد کی بہت تعریف کرتا ہوں۔"
ایکسرسائز ٹیلسمین سیبر کے ایکسرسائز ڈائریکٹر بریگیڈیئر ڈیمین ہل نے کہا کہ فوجی مشق کو فی الحال اس وقت تک کے لیے روک دیا گیا ہے، جب تک کہ لاپتہ فوجیوں کے بارے میں جانکاری نہیں مل جاتی۔ اس سے قبل جولائی میں امریکی فوج کا ایک ٹینک راک ہیمپٹن کے قریب ایک ہولناک حادثے کا شکار ہوا تھا جس میں چھ افراد زخمی ہوئے تھے۔
مزید پڑھیں: Cargo Ship Catches Fire شمالی سمندر میں مال بردار جہاز میں آگ لگنے سے ایک بھارتی ہلاک، بیس زخمی
واضح رہے کہ آسٹریلوی فوج کی مشق 'Talisman Saber' امریکی فوج کے ساتھ جاری تھی۔ جسے حادثے کے بعد روک دیا گیا ہے۔ تباہ ہونے والا ہیلی کاپٹر بھی اس مشق میں حصہ لے رہا تھا۔ آسٹریلین براڈکاسٹنگ کارپوریشن کی رپورٹ کے مطابق 'Talisman Saber' کے ایک حصے کے طور پر، امریکی میرینز اور آسٹریلوی فوجی ایک ساتھ مشق کر رہے تھے۔ یہ تقریباً 30,000 افراد پر مشتمل مشق ہے جس میں امریکہ، فرانس اور آسٹریلیا سمیت 13 ممالک شامل ہیں۔ یہ مشق دو سال میں ایک بار کی جاتی ہے۔ یہ ایک اعلیٰ سطح کے جنگی منظر نامے کی تیاری اور عمل درآمد پر توجہ مرکوز کرنے والی مشق ہے۔ اس سال اس مشق کے 10 سال مکمل ہو جائیں گے۔ بحرالکاہل کے ممالک پاپوا نیو گنی، فجی اور ٹونگا پہلی بار اس عسکری مشق میں حصہ لے رہے ہیں۔