نیویارک: امریکہ کے سابق صدر براک اوباما کے ذاتی شیف ٹفاری کیمپبل ان کے (سابق صدر) کی رہائش گاہ کے قریب ایک تالاب میں مردہ پائے گئے۔ میساچوسٹس اسٹیٹ پولیس کے غوطہ خوروں نے مارتھا کے وائن یارڈ کے علاقے میں واقع اوباما کی رہائش گاہ کے قریب بنے ایک تالاب میں کیمپبل(45) کی لاش برآمد کی۔ حکام کے مطابق غوطہ خوروں کو پیر کی صبح 10 بجے کے قریب لاش ملی۔ کیمپبل ہفتہ کو ایڈگارٹاؤن گریٹ پونڈ میں پیڈل بورڈنگ کے دوران لاپتہ ہو گئے تھے، جو ترکی لینڈ کووف پر مسٹر اوباما کے گھر سے قریب ہے۔ میساچوسٹس اسٹیٹ پولیس نے کہا کہ واقعہ کے دوران مسٹر اوباما اپنے گھر پر موجود نہیں تھے۔ وہ بیوی مشیل اوباما کے ساتھ باہر گئے تھے۔ افسوسناک واقعے کی خبر سابق صدر کے سیکیورٹی گارڈز نے دی۔
ایک مشترکہ بیان میں، مسٹر اوباما نے کہا کہ کیمپبل سے وہ پہلی بار وائٹ ہاؤس میں ملاقات ہوئی تھی۔ وہ ایک باصلاحیت شیف اور ایک غیر معمولی مہربان شخص تھے۔ انہوں نے کہاکہ، ”جب ہمارا وائٹ ہاؤس چھوڑنے کا وقت آیا، تو ہم نے کیمپبل سے ہمارے ساتھ رہنے کے لئے کہا، اور وہ خوش دلی سے راضی ہو گئے۔ وہ تب سے ہماری زندگی کا حصہ ہیں اور ہمیں افسوس ہے کہ وہ چلے گئے۔ پولیس نے شام 7:46بجے ایک رپورٹ میں کہا کہ کیمپبل اتوار کو پانی میں چلے گئے تھے۔ وہ باہر نکلنے کی کوشش کرتے رہے، لیکن خود کو بچانے میں ناکام رہے۔ ڈیلی میل نے اطلاع دی ہے کہ 911 کال مسٹر اوباما کی رہائش گاہ سے آئی تھی۔ پولیس نے کہا کہ ایک اور پیڈل بورڈر ایڈگارٹاؤن گریٹ پانڈ پر تھا اور اس نے مسٹر کیمپبل کو پانی کے نیچے جاتے دیکھا۔