برطانیہ کے سابق وزیر اعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پوتن نے یوکرین پر حملے سے قبل ایک فون کال کے دوران انہیں میزائل حملے کی دھمکی دی تھی۔ بورس جانسن کے اس الزام کو کریملن نے مسترد کردیا ہے۔ ایک دستاویزی فلم کے لیے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے جانسن نے کہا کہ روسی رہنما نے ان سے یوکرین کی نیٹو میں شمولیت کے امکانات کے بارے میں پوچھ رہے تھے۔ بورس نے کہا کہ انہوں نے مجھے بتایا کہ آپ کہتے ہیں کہ یوکرین جلد نیٹو میں شامل نہیں ہونے والا ہے، تو یہ کب ہو رہا ہے؟ پھر میں نے کہا، 'مستقبل قریب میں ایسا ہونے کا امکان نہیں ہے اور آپ یہ اچھی طرح جانتے ہیں۔
بورس جانسن نے کہا کہ اس دوران انھوں نے ایک موقع پر مجھے دھمکی دی اور کہا، بورس، میں آپ کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتا لیکن، ایک میزائل سے، جس میں صرف ایک منٹ لگے گا، یا ایسا ہی کچھ انھوں نے کہا۔ یہ دھمکی ایک ٹیلی فون کال میں موصول ہوئی تھی جب ماسکو نے فروری 2022 میں یوکرین میں فوج بھیجنے کا حکم دیا تھا۔