سنگا پور: سنگا پور بیس برسوں میں پہلی مرتبہ کسی خاتون کو پھانسی کی سزا دینے جا رہا ہے جبکہ انسانی حقوق کی تنظیموں نے فیصلے کی مخالفت کرتے ہوئے سزا روکنے کی اپیل کی ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سنگاپور کے فوجداری انصاف پر کام کرنے والے مقامی ادارے ٹرانسفورمیٹو جسٹس کلیکٹو (ٹی جے سی) کا کہنا ہے کہ 47 سالہ سری دیوی دجامنی کو 30 گرام ہیروئن اسمگل کرنے پر پھانسی سزا سنائی گئی ہے۔
جبکہ سری دیوی کے علاوہ 56 سالہ ایک مرد کو 50 گرام ہیروئن اسمگل کرنے پر سزائے موت سنائی گئی ہے جو آج بدھ کو دی جائے گی۔ سری دیوی کو دی گئی سزا پر اگر عمل درآمد ہو گیا تو وہ سنگاپور میں سال 2004 کے بعد پھانسی پر چڑھنے والی پہلی خاتون ہوں گی۔ آخری مرتبہ سال 2004 میں 36 سالہ ہیئر ڈریسر یین مے کو منشیات اسمگل کرنے پر ہی پھانسی کی سزا دی گئی تھی۔
ٹی جے سی کا کہنا ہے کہ دونوں قیدیوں کا تعلق سنگاپور سے ہے اور پھانسی کی تاریخ سے اہل خانہ کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ سنگاپور میں قتل، اغوا اور دیگر سنگین جرائم کے مرتکب افراد کو سزائے موت دی جاتی ہے۔ انسداد منشیات سے متعلق دنیا کے دیگر ممالک کے مقابلے میں سنگاپور میں سخت ترین قوانین پائے جاتے ہیں۔ 500 گرام سے زائد حشیش اور 15 گرام سے زائد ہیروئن کی سمگلنگ پر سزائے موت دی جا سکتی ہے۔