پاکستان میں سیلاب کی وجہ سے ہزاروں افراد ہلاک اور لاکھوں لوگ بے گھر ہوچکے ہیں، جس کی وجہ سے ہر کوئی سیلاب متاثرین سے تعزیت کا اظہار کر رہے ہیں۔ کانگریس رہنما راہل گاندھی نے بھی ٹویٹ کرکے پاکستان کے سیلاب متاثرین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ پاکستان میں سیلاب ایک خوفناک سانحہ ہے۔ تمام متاثرہ لوگوں کے تئیں میری دلی ہمدردی ہے اور ان لوگوں کے ساتھ گہری تعزیت ہے جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے۔Rahul Gandhi Tweets on Pakistan Floods
قابل ذکر ہے کہ پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران طوفانی بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے کم از کم 36 مزید لوگوں کی موت ہوگئی ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے جمعہ کو یہ اطلاع دی۔ این ڈی ایم اے کی جانب سے جمعرات کو جاری کردہ ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کم از کم 15 بچے اور چھ خواتین ان لوگوں میں شامل ہیں جو ملک میں مانسون بارشوں کی وجہ سے آنے والے سیلاب اور دیگر متعلقہ واقعات میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ جس کی وجہ سے اب مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 1,391 ہوگئی ہے اور اس کے علاوہ 12,722 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔