سینٹیاگو: چلی کے جنوبی حصے میں ہیلی کاپٹر کے حادثے میں چلی فضائیہ کے پانچ ارکان کی موت ہوگئی۔ فضائیہ نے منگل کو کہا کہ یہ حادثہ پیر کی رات کو پیش آیا۔ فضائیہ نے ایک بیان میں کہا کہ ایک بیل 412 ہیلی کاپٹر پیر کی رات جنوبی چلی کے علاقے لاس لاگوس میں گر کر تباہ ہو گیا۔ یہ طیارہ دو پائلٹ، دو فضائی عملے کے ارکان اور ایک ریسکیو پیرا ٹروپر سمیت پانچ رکنی عملے کے ساتھ نائٹ فلائنگ ٹریننگ مشن پر تھا۔ تمام عملہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ حادثے کی وجہ کی جانچ کی جا رہی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ چلی کی فضائیہ حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کو مدد فراہم کر رہی ہے۔
چلی کے صدر گیبریل بورک نے قومی ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے ایک پیغام میں ایئر مین کی موت پر سوگ کا اظہار کیا اور چیمبر آف ڈیپٹیز نے منگل کو اپنے اجلاس کے آغاز پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔ واضح رہے کہ دو روز قبل آسٹریلیا کا ایک فوجی ہیلی کاپٹر کوئنز لینڈ کے ساحل پر گر کر تباہ ہو گیا۔ حادثے میں عملے کے چار افراد لاپتہ ہو گئے۔ آسٹریلیا کے وزیر دفاع رچرڈ مارلس نے پیر کے روز کہا کہ امریکہ کے ساتھ مشقوں کے دوران سمندر میں گر کر تباہ ہونے والے ہیلی کاپٹر کے عملے کے چار ارکان ہلاک ہو گئے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ واقعہ ہیملٹن جزیرے کے ساحلی علاقے میں پیش آیا۔