انقرہ، ترکیہ کے صوبے قہرمان مراعش میں پانچ روز بعد سرچ آپریشن میں سو افراد کو زندہ نکال لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق شام اور ترکیہ میں زلزلے سے تاریخ کی بدترین تباہی کے بعد متاثرہ علاقوں میں دنیا کا سب سے بڑا ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ ریسکیو آپریشن میں تباہ کن زلزلے کے پانچ روز بعد بھی ملبے میں زندگی کی تلاش کی جارہی ہے۔ ملا طیہ میں ماہر کتے کی نشاندہی پر ملبے سے بارہ افراد کی زندگیاں بچا لی گئیں جب کہ ایک سو پندرہ گھنٹے بعد شہر غازی اینتپ میں کئی افراد کو بچالیا گیا۔
واضح رہے ترکیہ اور شام میں زلزلے سے اموات کی تعداد 25 ہزار سے تجاوز کر گئیں اور مزید اضافے کا خدشہ ہے جب کہ 80 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔ ترک میڈیا کے مطابق ترکیہ میں مرنے والوں کی تعداد بیس ہزار دو سو تیرہ اور زخمی ستر ہزار سے زائد ہیں جب کہ شام میں تین ہزار پانچ سو افراد جان سے گئے اور زخمیوں کی تعداد باون ہزار سے زائد ہوگئی۔