نئی دہلی: سوڈان میں پھنسے ہوئے بھارتیوں کی پہلی کھیپ آئی این ایس سومیدھا کے جہاز سے جدہ کے لیے روانہ ہوگئی ہے، وزارت خارجہ نے منگل کو بتایا کہ آپریشن کاویری کے تحت تشدد سے متاثرہ ملک سوڈان سے بھارتیوں کا انخلاء کیا جا رہا ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ آپریشن کاویری کے تحت سوڈان میں پھنسے ہوئے بھارتیوں کی پہلی کھیپ 278 افراد کے ساتھ جدہ کے لیے پورٹ سوڈان سے روانہ ہوئی۔ پیر کے روز تقریباً 500 بھارتی پورٹ سوڈان پہنچ گئے تھے، بھارتی حکومت نے جدہ میں دو ملٹری ٹرانسپورٹ طیارے کو اسٹینڈ بائی پر رکھا تھا، جبکہ ہندوستانی بحریہ کا ایک جہاز خطے کی ایک اہم بندرگاہ پر پہنچا تھا۔
پیر کو وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے ٹویٹ کر ریسکیو آپریشن کے بارے میں بتایا تھا کہ سوڈان میں پھنسے ہوئے ہمارے شہریوں کو واپس لانے کے لیے آپریشن کاویری جاری ہے۔ تقریباً 500 ہندوستانی پورٹ سوڈان پہنچ چکے ہیں۔ مزید ان کے راستے پر ہیں، ہمارے جہاز اور ہوائی جہاز انہیں وطن واپس لانے کے لیے تیار ہیں۔ سوڈان میں اپنے تمام بھائیوں کی مدد کے لیے پرعزم ہیں۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ وزارت خارجہ نے پہلے کہا تھا کہ انخلاء کے لئے ہنگامی منصوبے بنائے گئے تھے، لیکن زمین پر کوئی بھی نقل و حرکت سیکورٹی کی صورتحال پر منحصر ہوگی۔ سوڈان میں سکیورٹی کی صورتحال بدستور غیر مستحکم ہے، دارالحکومت خرطوم کے مختلف مقامات سے شدید لڑائی کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔