آسٹریلیا نے ایک بار پھر تاریخ رقم کی جب فاطمہ پیمان Fatima Payman نے مغربی آسٹریلیا کی چھٹی اور آخری سینیٹ کی نشست جیت کر پہلی افغان نژاد آسٹریلوی ہونے کے ساتھ ساتھ پارلیمنٹ Australian Parliament میں پہلی حجاب پہننے والی مسلم خاتون بھی بن گئی ہیں۔ 27 سالہ فاطمہ پیمان سینیٹ کی تاریخ کی تیسری کم عمر سینیٹر ہیں۔ سینیٹ میں ان کے انتخاب کی تصدیق کے بعد لیبر پارٹی کے پاس 26 نشستیں ہوں گی۔ پیمان نے الیکشن کمیشن کی جانب سے اپنی جیت کے اعلان کے بعد اپنے حامیوں کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے فیس بک پر پوسٹ کیا کہ ہم جیت گئے، مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے فخر ہے کہ میں مغربی آسٹریلیا کے لیے باضابطہ طور پر سینیٹر منتخب ہو گئی ہوں، آپ کی محبت اور حمایت کے لیے آپ سب کا شکریہ! ہم نے یہ کیا!"
انہوں نے مزید کہا ’’افغان یا مسلمان ہونے سے پہلے میں ایک آسٹریلیائی لیبر سینیٹر ہوں، سبھی آسٹریلیائی باشندوں کی نمائندگی کرتی ہوں، چاہے ان کا عقیدہ، پس منظر، ثقافتی شناخت، عمر یا قابلیت کچھ بھی ہو۔ انہوں نے یہ امید بھی ظاہر کی کہ ان کے حجاب پہننے کے خیال سے الیکشن کو معمول کے مطابق بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا ’’یہ صرف اس لیے نہیں کہ میڈیا میں اسلام فوبیا پھیل رہا ہے بلکہ میں چاہتی ہوں کہ وہ نوجوان لڑکیاں جو حجاب پہننے کا فیصلہ کرتی ہیں، وہ حقیقت میں فخر کے ساتھ ایسا کریں، یہ جانتے ہوئے کہ انہیں حجاب پہننے کا پورا حق ہے‘‘۔