نئی دہلی: وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی کو جنیوا میں اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی تنظیموں میں بھارت کا اگلا مستقل نمائندہ مقرر کیا گیا ہے۔ ارندم باگچی ، 1995 بیچ کے انڈین فارن سروس (IFS) افسرہیں۔ وہ فی الحال وزارت خارجہ میں ایڈیشنل سکریٹری ہیں۔
ارندم باگچی سال 2021 میں وزارت خارجہ کے ترجمان بنے۔ کووڈ۔ 19 وبا، مشرقی لداخ میں چین کے ساتھ تعطل، اس سال ستمبر میں جی 20 سربراہی اجلاس کی بھارت کی میزبانی اور مختلف شراکت داروں کے ساتھ بھارت کی بڑھتی ہوئی مصروفیت کی وجہ سے ان کا دور بہت چیلنجنگ رہا ہے۔ وزارت خارجہ کی ایک ریلیز میں کہا گیا ہے کہ وزارت خارجہ میں ایڈیشنل سکریٹری ارندم باگچی (IFS:1995)، کو جنیوا میں اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی تنظیموں میں بھارت کا اگلا سفیر/مستقل نمائندہ مقرر کیا گیا ہے۔ اس نے کہا کہ توقع ہے کہ باغچی جلد ہی چارج سنبھال لیں گے۔