واشنگٹن:امریکی ریاست پنسیلوانیا میں ایک چاکلیٹ فیکٹری میں دھماکے اور اس کے بعد آگ لگنے سے کم از کم دو افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ امریکی میڈیا نے یہ رپورٹ دی ہے۔ نیو یارک ٹائمز نے مقامی حکام کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ ویسٹ ریڈنگ کے برک کاؤنٹی میں واقع آر ایم پالمر کمپنی کی چاکلیٹ فیکٹری میں آگ لگنے کی اطلاع ملی۔ آگ لگنے سے فیکٹری کا کچھ حصہ تباہ ہو گیا ہے۔ ڈبلیو پی وی آئی ٹی وی نے ویسٹ ریڈنگ پولیس کے حوالے سے بتایا کہ حادثے میں دو افراد ہلاک اور سات دیگر لاپتہ ہیں۔ کم از کم چھ افراد کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکا چاکلیٹ فیکٹری میں ممکنہ گیس لیکج کے باعث ہوا۔ واقعہ کی تحقیقات جاری ہے۔
علاقے کی پولیس کا کہنا ہے کہ اب کوئی خطرہ نہیں ہے تاہم پولیس نے احتیاطی تدابیر کے طور پر لوگوں کو فیکٹری کی طرف جانے سے روک دیا ہے۔ محکمہ صحت کے حکام نے بتایا کہ حادثے میں زخمی ہونے والے آٹھ افراد کو جمعہ کی شام اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ جن میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے اور باقی کو ابتدائی طبی امداد کے بعد گھر بھیج دیا گیا ہے۔ فیکٹری میں دھماکہ تقریباً شام 5 بجے کے قریب ہوا۔ دھماکے سے عمارت کا ایک حصہ گر گیا اور ملحقہ عمارت کو بھی نقصان پہنچا۔ واضح رہے کہ اس ماہ کے پہلے ہفتے میں بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں ایک سات مزلہ عمارت میں دھامکہ ہوا تھا۔ اس دھماکے میں 17 لوگوں کی موت ہو گئی تھی اور 100 سے زائد افراد زخمی ہو گئے تھے۔