نیویارک: امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر 2016 کے صدارتی انتخابات سے قبل ایک پورن سٹار کو چپ رہنے کے لیے رقم ادا کرنے کے مقدمے میں فردِ جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ امریکی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی بھی موجودہ یا سابق صدر کو مجرمانہ الزامات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ جیوری کی جانب سے ووٹنگ کے بعد کیا گیا۔ پراسکیوٹر آفس نے ٹرمپ کو گرفتاری کے لیے خود کو پیش کرنے کا مطالبہ کیا۔ نیویارک کے ایک پراسیکیوٹر نے جمعرات کو سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر فرد جرم عائد کرنے کی تصدیق کی۔
واضح رہے کہ مین ہٹن ڈسٹرکٹ اٹارنی (ڈی ای) کا دفتر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف الزامات کی تحقیقات کر رہا تھا۔ ٹرمپ پر عائد یہ الزامات فحش فلموں کی اداکارہ کو معاملات چھپانے کے لیے رقوم کی ادائیگی سے متعلق دعوؤں کے بارے میں ہیں اور اس کیس کا تعلق 2016 کے صدارتی انتخابات کے وقت سے ہے۔ ڈسٹرکٹ اٹارنی کا دفتر 2016 کے صدارتی انتخابات سے متعلق ایک پورن اسٹار کو اپنی زبان بند رکھنے کے لیے رقم کی ادائیگی کے سلسلے ٹرمپ کے مبینہ کردار کی تفتیش کر رہا تھا۔