حیدر آباد: پاکستان کے سابق آرمی چیف (ر) جنرل قمر جاوید باجوہ کی فرانس میں اپنی اہلیہ کے ساتھ چھٹیوں کے دورے کے دوران مبینہ طور پر بدکلامی کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔ انٹرنیٹ پر بڑے پیمانے پر شیئر ہونے والی ویڈیو میں ایک شخص کو باجوہ اور ان کی اہلیہ کی ویڈیو شوٹ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جب وہ ایک عمارت کی سیڑھیوں پر بیٹھے ہوئے ہیں۔
باجوہ کی اہلیہ اپنا فون چیک کرتی دکھائی دے رہی ہیں جب کہ باجوہ دھوپ کے چشمے لگائے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ ویڈیو شوٹ کرنے والے شخص کی شناخت معلوم نہیں ہوسکی لیکن رپورٹس کے مطابق وہ افغان شہری تھا۔ ویڈیو میں باجوہ اس شخص کو تنبیہ کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں کہ وہ آرمی چیف نہیں ہیں اور اس شخص کو ویڈیو شوٹ کرنے سے منع بھی کر رہے ہیں۔ پاکستان کے سابق سربراہ نے اس شخص کو پولیس کے حوالے کرنے کی تنبیہ بھی کی، لیکن اس شخص نے باجوہ کی کسی بھی تنبیہ کی پرواہ نہیں کی اور وہ ویڈیو بنانے کے ساتھ ساتھ گالی بھی دیتا رہا۔