خرطوم: سوڈان میں شدید لڑائی جاری رہنے کے باعث کئی ممالک نے سوڈانی دارالحکومت خرطوم سے اپنے سفارت کاروں اور شہریوں کو نکال لیا ہے۔ بی بی سی کی ایک رپورٹ کے مطابق امریکہ اور برطانیہ نے اتوار کو اعلان کیا کہ انہوں نے اپنے سفارت کاروں کو ملک سے باہر بھیج دیا ہے جب کہ فرانس، جرمنی، اٹلی اور اسپین نے کہا کہ وہ بھی سوڈان سے اپنے لوگوں کو نکالنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ وہیں بھارتی فضائیہ کے دو طیارے اس وقت جدہ میں تعینات ہیں جبکہ آئی این ایس سومیدھا بھی جنگ زدہ سوڈان سے بھارتیوں کو نکالنے کے لیے پورٹ سوڈان پر پہنچ گیا ہے۔
بھارت کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ ہم سوڈان کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ہم سوڈان میں پھنسے ہوئے بھارتیوں کی محفوظ نقل و حرکت کے لیے مختلف شراکت دار ممالک کے ساتھ رابطت بھی کر رہے ہیں اور انہیں نکالنا چاہتے ہیں۔ امریکی حکام نے بتایا کہ انہوں نے اتوار کی صبح تین چنوک ہیلی کاپٹروں میں اپنے ملک سے تقریباً 100 افراد کو نکالا۔ برطانیہ کی حکومت بھی برطانوی سفارت کاروں اور ان کے اہل خانہ کو ملک سے باہر نکالنے میں کامیاب رہی۔ برطانوی نشریاتی ادارے نے خبر دی ہے کہ سیکریٹری خارجہ جیمز کلیورلی نے کہا کہ سوڈان میں رہ جانے والے برطانوی شہریوں کو نکالنے کے آپشنز محدود ہیں۔