قاہرہ: سوڈان میں جاری شدید لڑائی کے درمیان مصری حکام نے وہاں سے 436 مصری شہریوں کو نکالا ہے۔ مصری وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ شہریوں کو سوڈانی حکام کے ساتھ مل کر زمینی راستے سے نکالا گیا۔ بیان کے مطابق، خرطوم، پورٹ سوڈان اور وادی حلفہ کے علاقے میں مصری سفارتی مشن سوڈان میں مصریوں کے ساتھ انخلاء کے لیے رابطہ کاری جاری رکھیں گے۔ وزارت خارجہ نے دن میں پہلے اعلان کیا تھا کہ سوڈان میں مصری شہریوں کی تعداد دس ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، جس کے لیے تشدد زدہ ملک سے ان کے محفوظ انخلاء کو یقینی بنانے کے لئے ایک سخت، محفوظ اور منصوبہ بند عمل کی ضرورت ہے۔
وہیں عراق کی وزارت خارجہ نے کہا کہ وہ سوڈان سے اپنے شہریوں کو نکالنے کے لیے کام کر رہی ہے۔ سنہوا نیوز ایجنسی نے وزارت کے ترجمان احمد الصحاف کے حوالے سے کہا کہ "ہم انتہائی ضروری ردعمل حاصل کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں اور اپنی کمیونٹی کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔" الصحاف کے مطابق، وزارت خرطوم سے 14 عراقی شہریوں کو پورٹ سوڈان کے علاقے میں محفوظ مقام پر منتقل کرنے میں کامیاب رہی، کیونکہ سوڈان میں تقریباً 300 عراقی موجود ہیں۔ باقی افراد کو نکالنے کے لیے عراق کی حکومت کوشش کر رہی ہے۔ واضح رہے کہ سوڈان میں فوج اور نیم فوجی ریپڈ سپورٹ فورس (RSF) کے درمیان اقتدار کے لیے کشمکش جاری ہے۔ اس دوران اب تک 413 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔