بروسیلز: یورپی یونین کے اعلیٰ نمائندے برائے خارجہ تعلقات اور سلامتی پالیسی جوزپ بوریل کے آفس سے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر جنین میں اسرائیلی فورسز کے حملوں کے حوالے سے ایک تحریری بیان جاری کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوجی آپریشن، جس میں حالیہ برسوں میں جنین میں عسکریت پسندوں کے خلاف سب سے بڑے پیمانے پر فضائی حملے شامل تھے، کم از کم 12 فلسطینی ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ کل تل ابیب میں ایک سنگین دہشت گردانہ حملہ ہوا ہے اور یورپی یونین تمام بلاجواز دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کرتی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم فلسطینی اتھارٹی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ موجودہ معاہدوں کے مطابق ایریا اے میں پورے مقبوضہ فلسطینی سرزمین پر سیکیورٹی کنٹرول دوبارہ قائم کرے۔ ہم اسرائیل سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بین الاقوامی معاہدوں کے تحت اپنی ذمہ داریوں کا احترام کرے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پائیدار سلامتی صرف سیاسی حل سے حاصل کی جا سکتی ہے جس سے فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کو امن، وقار اور خوشحالی کے ساتھ زندگی گزارنے کا موقع ملے، اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا گیا کہ یورپی یونین امن کے لیے کسی بھی کوشش کی حمایت کے لیے تیار ہے۔