انقرہ: ترک صدر رجب طیب اردوغان نے سویڈن اور فن لینڈ کی نیٹو کی رکنیت کے بارے میں بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ جب ہم فن لینڈ کے بارے میں مختلف پیغام دیں گے تو سویڈن میں بڑی حیرانگی ہوگی۔ صدر اردوغان نے ان خیالات کا اظہار بلیجیک میں نوجوانوں کے ساتھ بات چیت کے دوران کیا۔ انہوں نے سویڈن اور فن لینڈ کی نیٹو رکنیت کے عمل پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے (سویڈن سے) آپ کو 120 دہشت گردوں کی فہرست فراہم کی ہے اور آپ ان دہشت گردوں کو ہمیں واپس کر دیں گے تاکہ آپ نیٹو میں شامل ہو سکیں۔
اگر آپ ان دہشت گردوں کو ہمارے حوالے نہیں کرتے تو ہم پھر آپ کی نیٹو کی رکنیت کی حمایت نہیں کریں گے۔ انہوں نے اس روز ہم سے کیے گئے وعدے کی پاسداری کرنے کو قبول کرلیا لیکن بعد میں مختلف حیلے بہانے بنائے جانے لگے۔ جس پر ہم اگر ضروری ہوا تو فن لینڈ کے بارے میں ایک مختلف پیغام دے سکتے ہیں۔ جب ہم فن لینڈ کے بارے میں مختلف پیغام دیں گے تو سویڈن حیران رہ جائے گا۔ لیکن فن لینڈ کو کوئی ایسی غلطی نہیں کرنی چاہیے۔