کراچی: پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے سینئر عہدیدار و ماہر تعلیم سید خالد رضا کو اتوار کے روز گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ اس حملے کو پولیس نے ٹارگٹڈ کیلنگ قرار دیا۔ 55 سالہ سید خالد رضا کراچی ریجن کے دارالرقم اسکولز کے ڈپٹی ڈائریکٹر تھے۔ وہ فیڈریشن آف پرائیویٹ اسکولز پاکستان کے وائس چیئرمین بھی رہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کراچی کے گلستان جوہر بلاک 7 میں ان کے گھر کے قریب پیش آیا۔
سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ایسٹ زبیر نذیر شیخ نے بتایا کہ متاثرہ شخص اپنے گھر کے باہر کھڑی کار کی طرف آرہے تھے کہ وہاں ایک موٹر سائیکل پر سوار حملہ آور نے ان پر فائرنگ کرکے فرار ہو گیا۔ فائرنگ سے ان کے سر میں ایک گولی لگی اور موقع پر ہی ان کی موت ہوگئی۔ پولیس کا کہنا تھا کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ حملہ آور اس شخص کا انتظار کر رہے تھے۔ یقینی طور پر یہ ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ معلوم ہوتا ہے۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر منتقل کر دیا گیا۔