انقرہ:ترکیہ کے صوبہ ہاتے میں جمعرات کی رات ہلکے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ملک کی ڈیزاسٹر ایجنسی نے یہ اطلاع دی۔ ڈیزاسٹر ایجنسی نے بتایا کہ مقامی وقت کے مطابق شام 6.53 بجے آنے والے زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر پانچ ریکارڈ کی گئی ہے۔ ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق زلزلے کا مرکز ڈیفنے ضلع میں 9.76 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔ حالانکہ زلزلے سے جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ ترکی میں زلزلہ آتے ہی گھروں کے اندر بیٹھے لوگ باہر نکل آئے۔
واضح رہے کہ صوبہ ہاتے میں 6 فروری کو پہلی بار دو شدید زلزلے آئے تھے جس کے بعد منگل کی رات مزید دو زلزلے محسوس کیے گئے تھے۔ ڈیفنے ضلع میں زلزلے کی شدت 6.4 ریکارڈ کی گئی۔ جنوبی ترکیہ کے 10 صوبوں میں آنے والے حالیہ زلزلے میں 43 ہزار سے زائد افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہو گئے۔ واضح رہے کہ شام اور ترکیہ میں رواں ماہ کے آغاز میں آنے والے زلزلے میں اب تک 47 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے کیونکہ ملبے سے لاشیں نکالی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس ہفتے ترکی کے صوبہ ہاتے میں آنے والے 6.4 شدت کے زلزلے میں کئی اور عمارتیں جو پہلے ہی خستہ حال تھیں منہدم ہوگئیں۔