نئی دہلی:وزیر خارجہ (ای اے ایم) ایس جے شنکر آج اقوام متحدہ کی 78ویں جنرل اسمبلی (یو این جی اے) کے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کریں گے۔ توقع ہے کہ وہ کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کے ذریعہ خالصتانی انتہا پسند نجار سنگھ کے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کے الزام کا جواب دیں گے۔ وزیر خارجہ 78ویں یو این جی اے میں بھارتی وفد کی قیادت کرنے نیویارک میں ہیں۔ انہوں نے پیر کو نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی (یو این جی اے) کے صدر ڈینس فرانسس سے ملاقات کی۔ وزیر خارجہ نے 78ویں یو این جی اے کے موقع پر آرمینیائی ہم منصب ارارات مرزویان کے ساتھ بھی ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے "مضبوط دو طرفہ تعلقات کا اعادہ کیا۔
جے شنکر نے بوسنیا اور ہرزیگووینا کے وزیر خارجہ ایلمیڈین کوناکوچ سے بھی ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے تجارت اور معیشت پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے بڑھتے ہوئے باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔دریں اثنا، جئے شنکر نے ہفتہ کی شام ایک تقریب 'ساؤتھ رائزنگ: پارٹنرشپس، انسٹی ٹیوشنز اینڈ آئیڈیاز' کے دوران بات کرتے ہوئے کہا کہ اقتصادی طور پر غالب ممالک پیداواری صلاحیتوں سے فائدہ اٹھا رہے ہیں اور وہ ممالک جن کا ادارہ جاتی اثر و رسوخ ہے، ان صلاحیتوں کو ہتھیار بنا چکے ہیں۔