نئی دہلی: وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے جمعرات کو چینی وزیر خارجہ کن گینگ کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کی جس میں لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی) کی صورتحال پر توجہ مرکوز کی گئی۔ یہ بات چیت جی 20 وزرائے خارجہ کے اجلاس کے موقع پر ہوئی۔ جے شنکر نے ٹویٹ کیا کہ آج جی 20 وزرائے خارجہ میٹنگ کے موقع پر چینی وزیر خارجہ کن گینگ سے ملاقات کی، ہماری بات چیت دو طرفہ تعلقات کو درپیش موجودہ چیلنجز، خاص طور پر سرحدی علاقوں میں امن و سکون سے نمٹنے پر مرکوز تھی۔
قابل ذکر ہے کہ دسمبر میں چین کے وزیر خارجہ بننے کے بعد جے شنکر اور کن گینگ کے درمیان یہ پہلی ملاقات ہے۔ اس سے قبل تقریباً آٹھ ماہ پہلے جے شنکر نے اس وقت کے چینی وزیر خارجہ وانگ یی کے ساتھ بالی میں جی 20 میٹنگ کے موقع پر ملاقات کی تھی۔7 جولائی کو ایک گھنٹے کی میٹنگ کے دوران، جے شنکر نے وانگ یی کو مشرقی لداخ میں تمام بقیہ مسائل کے جلد حل کرنے کی ضرورت سے آگاہ کیا تھا۔ واضح رہے کہ سابق چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے گزشتہ سال مارچ میں بھارت کا دورہ کیا تھا۔