جرمنی:حماس اور اسرائیل کے بیچ جاری کشیدگی میں سینکڑوں عام شہری ہلاک ہوچکے ہیں۔ اسرائیل کی غزہ پر جاری بمباری کی مخالفت و حمایت میں دنیا بھر میں مظاہرے کئے جارہے ہیں۔ کچھ لوگ سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر مخالفت یا حمایت میں پوسٹ کررہے ہیں۔ ڈچ فٹبالر انور الغازی کو فلسطین کے حق میں پوسٹ کرنا مہنگا ثابت ہوا۔ انور الغازی کو فلسطین کے حق میں پوسٹ کرنے پر ان کے جرمن کلب مینز 05 نے معطل کر دیا۔ اس پوسٹ کو کلب کے اقدار کے خلاف قرار دیتے ہوئے ناقابل قبول بتایا ہے۔
فٹبالر الغازی کا تعلق مراکش سے ہے اور وہ دو بار نیدرلینڈز کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ ستمبر کے آخر میں مینز 05 کے ساتھ الغازی نے معاہدہ کیا ہے۔ اس سے قبل وہ ڈچ جائنٹس PSV Eindhoven اور Ajax کے ساتھ ساتھ پریمیئر لیگ کلبوں Aston Villa اور Everton کے لیے بھی کھیل چکے ہیں۔ فٹبالرانور الغازی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پرایک پیغام پوسٹ کیا تھا جس کا اختتام انھوں نے "فلسطین آزاد ہو گا" سے کیا۔ جرمنی میں فلسطینیوں کے ساتھ ساتھ ان کے حامیوں نے ملک میں فلسطینیوں کی حمایت میں مظاہروں پر پابندی کی شکایت کی ہے۔